Senior actor Ferdous Jamal Criticize Imran Ashraf after Mehra Khan

184

پاکستانی شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے عمران اشرف کی اداکاری پر تنقید کی، اس سے قبل وہ اداکارہ ماہرہ خان پر بھی تنقید کرچکے ہیں جس پر کافی لے دے بھی ہوئی تھی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں پروگرام کے دوران میزبان نے سینئر اداکار فردوس جمال سے سوال کیا کہ آج کل کے اداکاروں میں سے ایسا کون ہے جس کو دیکھ کر آپ کو لگے کہ یہ پاکستان کا چمکتا مستقبل ہے؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ ‘اداکار تو کوئی نہیں ہے یہ سب شو پیس اور ماڈل ہیں’۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ اچھی اداکارہ نہیں ہیں اور ان کی عمر بھی زیادہ ہے، فردوس جمال

انہوں نے مزید کہا کہ ‘اِن کو ابھی یہ شعور نہیں آیا کہ اداکاری کیا چیز ہوتی ہے، جیسے کسی ڈیپارٹمنٹل اسٹور میں ایک ڈمی ہوتی ہے اور اسٹور والے اُس ڈمی کو نقلی بال لگا کر اور لباس پہنا کر کبھی لڑکا بنا دیتے ہیں اور کبھی لڑکی تو ہمارے اداکاروں کا حال بھی اُس ڈمی جیسا ہی ہے’۔

اُن کے جواب پر میزبان نے اداکار عمران اشرف کی تعریف کی اور اُن کی جانب سے نبھائے گئے ‘بھولے’ کے کردار کا ذکر کیا تو فردوس جمال نے کہا کہ ‘عمران اشرف نے جو کردار ادا کیا تھا وہ دِکھاوا تھا، یہ کردار اِس سے پہلے بھی کئی اداکاروں نے کیا ہے اور اِس سے بھی اچھا کیا ہے’۔

یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان کا فردوس جمال کی تنقید پر جواب

عمران اشرف پر فردوس جمال کی جانب سے کی جانے والی تنقید پر عمران کے مداح سوشل میڈیا پر اُن کے حق میں آواز بلند کرتے نظر آئے۔

دوسری جانب عمران اشرف نے خود بھی فردوس جمال کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘فردوس جمال قابلِ عزت اداکار ہیں اور اگر یہ ‘بھولا’ کا کردار کرتے تو یقیناً مجھ سے ہزار گُنا بہتر ادا کرتے، میں اُن کی عزت کرتا ہوں اور اُن کی رائے کا احترام کرتا ہوں، مجھے بالکل بُرا نہیں لگا میں کوشش کروں گا کہ اور سیکھوں’۔