imqanaat ki dunya ya kismat ki jadoogary – Yasir Pirzada

18

اِس بات کا کتنے فیصد امکان ہے کہ کوئی شخص اپنے گھر کے باغیچے میں بیٹھا ہو اور اُس پر آسمانی بجلی گرے اور وہ موقع پر ہی فوت ہو جائے؟ یا اِس بات کا کتنا امکان ہے کہ آپ کی نئی گاڑی موٹروے پر چلتے چلتے اچانک بند ہو جائے؟ یا روزگار کا متلاشی کوئی نوجوان اپنے پاسپورٹ پر امریکہ کا ویزا لگوا کر نکلے اور وہ پاسپورٹ کنوئیں میں جا گرے؟ اس قسم کی باتوں کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں مگر صفر نہیں ہیں۔ دنیا میں کسی بھی واقعے کے امکان کو آپ سو فیصدی رد نہیں کر سکتے۔ تشکیک پسند فلسفی تو یہاں تک کہتے ہیں کہ اِس بات کا امکان بھی موجود ہے کہ کل سورج طلوع نہیں ہوگا۔ اِس لئے عین ممکن ہے کہ کوئی شخص گھر بیٹھے طوفان کی لپیٹ میں آ کر ہلاک ہو جائے یا ہماری زمین ہی کسی لہراتے ہوئے اجرامِ فلکی سے ٹکرا کر تباہ ہو جائے لیکن کیا ایسے واقعات کو بدقسمتی پر محمول کیا جا سکتا ہے؟ اگر کسی نوجوان کو سخت مقابلے کے بعد من پسند ملازمت مل جائے مگر کسی ناگہانی آفت کی وجہ سے وہ ملازمت پر نہ جا سکے تو کیا ہم اسے نوجوا ن کی بدقسمتی کہیں گے؟ اُس نوجوان کی جگہ دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے شخص کو اگر وہی ملازمت مل جائے تو کیا اِس دوسرے شخص کو ہم خوش قسمت کہیں گے؟ اِس بات کا امکان موجود ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے کے باوجود کسی کو کورونا ہو جائے اور وہ مر جائے مگر کیا یہ بد قسمتی کہلائے گی؟ قسمت اور امکان میں کیا فرق ہے؟ کہیں ایسا تو نہیں کہ جن واقعات کو بنیاد بنا کر ہم کسی کی خوش قسمتی یا بد بختی کا تعین کرتے ہیں وہ محض امکانی نوعیت کے واقعات ہوں؟ کیا یہ مسئلہ اتنا ہی سادہ ہے؟

جب ہم کسی شخص کو خوش قسمت یا بدقسمت سمجھ رہے ہوتے ہیں تو دراصل اُس کی زندگی کی ظاہری چکا چوند یا ابتری کو دیکھ کر یہ اندازہ لگا رہے ہوتے ہیں کہ وہ کتنا خوش نصیب یا بدنصیب ہے۔ کسی بھی شخص کی زندگی کے واقعات کا تسلسل ہمارے سامنے نہیں ہوتا اور نہ ہی ہمیں اِس بات کا علم ہوتا ہے کہ کوئی شخص کن کن مراحل سے گزر کر وہاں تک پہنچا ہے جہاں ہم اسے لمحہ موجود میں دیکھ رہے ہوتے ہیں جبکہ ہم اسے نہ صرف دیکھ رہے ہوتے ہیں بلکہ اپنے متعین کردہ اصولوں کے مطابق پرکھ کر فیصلہ بھی صادر کر رہے ہوتے ہیں کہ آیا وہ خوش بخت ہے یا کم بخت! اِس موضوع پر دنیا بھر میں کتابیں لکھی گئی ہیں اور تحقیق کی گئی ہے کہ قسمت کا زندگی سنوارنے اور بگاڑنے میں میں کتنا کردار ہے۔ اِس موضوع پر آپ کا جو بھی نکتہ نظر ہو اُس کے موافق یا مخالف دلائل آپ کو مل جائیں گے لیکن اِس ضمن میں کلیدی بات یہ ہے کہ ہم قسمت اور امکان کے باہم فرق کو سمجھیں جسے ہم اکثر غلط سلط کر جاتے ہیں۔ اگر کوئی شخص زندگی میں اپنا کوئی ہدف مقرر کرتا ہے اور پھر مسلسل لگن ،محنت اور منصوبہ بندی کے ساتھ اسے حاصل کرنے میں جُت جاتا ہے تو اِس بات کا امکان پھر بھی موجود رہے گا کہ وہ کامیاب نہ ہو، جیسے ویکسین لگوانے والے شخص کا کورونا وائرس سے موت کا امکان مگر اِس کا یہ مطلب نہیں ہوگا کہ لوگ ویکسین لگوانا ہی چھوڑ دیں کیونکہ اعداد و شمار ہمیں یہ بتاتے ہیں کہ کورونا سے مرنے والوں میں اُن لوگوں کی شرح اموات کہیں زیادہ ہے جو بغیر ویکسین کے کورونا کا شکار ہو کر اسپتال پہنچتے ہیں۔

اسی طرح اِس بات کا بھی امکان رہے گا کہ کوئی شخص بغیر محنت اور دانشمندی کے دولت مند ہو جائے، جیسے وراثت میں جائیدا د مل جائے یا بیٹھے بٹھائے کوڑیوں کی زمین کروڑوں کی ہو جائے مگر یہ امکانات اور اتفاقات ہیں جنہیں قسمت کے ساتھ جوڑنا درست نہیں۔ قسمت کے ساتھ اُس صورت میں جوڑا جا سکتا ہے جب ہم اپنے امکانات یا اتفاقات کی تعداد کو بڑھا لیں۔ ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھنے سے امکانات نہیں بڑھتے، اِس کے لئے عملی اقدامات کرنے پڑتے ہیں، اگر ہم اپنی زندگی میں کسی بات کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے اُن وجوہات کا کھوج لگانا پڑے گا جن کی وجہ سے زندگی میں مسائل ہیں، اپنی ذات کی پڑتال کرنی پڑے گی او ر یہ دیکھنا پڑے گا کہ ہم کون سا ایسا کام مسلسل کر رہے ہیں جس کی وجہ سے اپنی زندگی کو تبدیل نہیں کر پا رہے۔ اپنی ذات کے اِس ’بےرحمانہ احتساب‘ کے بعد دوسرا کام یہ ہوگا کہ ہم اپنی زندگی سے بدقسمتی کے اُس عنصر کو نکال باہر کر نے کے لئے عملی منصوبہ بندی کریں اور پھر اُس میں جُت جائیں۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ سارا کام دو چار دن میں مکمل ہو جائے گا ، یہ ایک جہد مسلسل ہو گی، بہت سے لوگ اپنے منصوبے کی ناکامی پر فرسٹریشن کا شکار ہو جاتے ہیں، ناامیدی اور مایوسی انہیں گھیر لیتی ہے اور پھر وہ قسمت کو مورد الزام ٹھہرا کر واپس حالت ناکامی میں لوٹ جاتے ہیں جبکہ اصل چیلنج ہی اِس بات کو جاننا ہے کہ جب آپ ایک ٹھوس منصوبے پر عمل پیرا ہو کرکسی ہدف کو پانے میں جُت جائیں گے تو یقینی طور پر ناکامی کے امکانات کو معدوم کرتے چلے جائیں گے لیکن اکثر لوگ جلد ہتھیار ڈال دیتے ہیں یا پھر اپنے منصوبے میں حالات کے مطابق ترمیم نہیں کر پاتے یا انہوں نے زندگی میں غلطی کی درست نشاندہی نہیں کی ہوتی۔ عین ممکن ہے کہ کوئی شخص اِن میں سے کوئی غلطی نہ کرے اور اس کے باوجود ناکام ہی رہے۔ یہ امکان بہر صورت موجود رہے گا ، بالکل اسی طرح جیسے اِس بات کا امکان موجود رہے گا کہ وہ شخص گھر بیٹھا رہے اور اُس پر جہاز آ گرے۔

امکانات اور اتفاقات کا مکمل علم ہمیں نہیں ہو سکتا ،یہ ایک لا محدود کائنات ہے اور اِس کائنات میں لا محدود اتفاقات وقوع پذیر ہو سکتے ہیں۔ لہٰذا اِس کا یہ مطلب نہیں کہ اِس دنیا میں جن اصولوں کو اپنا کر زندگی بدلی جا سکتی ہے، ہم اُن اصولوں کو اپنانے کی بجائے کسی اتفاقی واقعہ کے انتظار میں بیٹھے رہیں یا قسمت پر تکیہ کرلیں۔ قسمت دراصل اُن امکانات کی تعداد بڑھانے کا نام ہے جو ہماری زندگی تبدیل کر سکتے ہیں۔